ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / منگلورو: بائک ڈرائیونگ میں کم عمر بچوں کی موت - پولیس نے درج کیا بچوں کے والدین پر کیس 

منگلورو: بائک ڈرائیونگ میں کم عمر بچوں کی موت - پولیس نے درج کیا بچوں کے والدین پر کیس 

Mon, 03 Jul 2023 20:44:28    S.O. News Service

منگلورو،3 / جولائی (ایس او نیوز)  کم عمر بچوں کو موٹر بائکس چلانے کا موقع دینے والے والدین کو منگلورو سٹی پولیس کمشنر کی طرف سے سخت کارروائی کا پیغام دیتے ہوئے گزشتہ تین چار دن قبل 'میری ہِل' علاقے میں پیش آئے حادثہ میں فوت ہونے والے دو کم عمر بچوں کے والدین پر کیس درج کیا گیا۔ 
    
معلوم ہوا ہے کہ پولیس نے سڑک حادثہ میں فوت شدہ بچوں کے والدین پر آئی پی سی کی دفعہ 336 (دوسروں کی زندگی یا ذاتی تحفظ کو خطرے میں ڈالنا)، انڈین موٹر وھیکل ایکٹ کی دفعہ 3,4,5 (ڈرائیونگ لائسنس کی ضرورت)، دفعہ 180,181 (غیر مجاز شخص کو گاڑی چلانے کی اجازت دینا) کے تحت کیس درج کیا ہے۔ 
    
موصولہ رپورٹ کے مطابق سٹی پولیس کمشنر کلدیپ کمار جین نے عوام سے مسائل کی جانکاری کے لئے جو 'فون اِن' پروگرام منعقد کیا تھا اس میں انہوں نے عوام کو آگاہ کیا کہ پولیس نے شہر میں سڑک حادثوں کا سبب بننے والی کم عمر بچوں کی بائک رائڈنگ پر روک لگانے کی کارروائی شروع کر دی ہے ۔ اب ایسے بچوں کے والدین اور گاڑی کی ملکیت  (آر سی) رکھنے والے افراد پر قانون کی خلاف ورزی کرنے کے کیس درج کیے جائیں گے۔ 
    
فون اِن پروگرام میں کاٹیپلّا، کرشناپورا، اور بیکمپاڈی علاقے کے بہت سے باشندوں نے شکایت کی تھی کہ ان مقامات پر کم عمر بچے بغیر ہیلمیٹ کے بائکس چلاتے ہیں ۔ اس کے جواب میں پولیس کمشنر نے کہا کہ کرشنا پورا میں سی سی ٹی وی کیمرے لگائے گئے ہیں اور ٹریفک پولیس قانون کی خلاف ورزیوں کی نگرانی کر رہی ہے ۔ " کم عمر بچوں کی رائڈنگ کا معاملہ سامنے آتا ہے تو ہم آر سی رکھنے والے افراد اور والدین پر کیس درج کر رہے ہیں ۔ ہم ٹریفک قوانین کی پابندی کرنے کے تعلق سے کم عمر بچوں اور ان کے والدین کی کاونسیلنگ بھی کر رہے ہیں ۔"
    
عوام نے اونچی آواز والے ہارنس، فینسی لائٹس، سائلینسرس، کالی اسکرین چڑھے ہوئے شیشے اور تعمیراتی سامان کو غیر محفوظ طریقے سے گاڑیوں میں لے جانے سے پیدا ہونے والی مشکلات کے تذکرہ تو کمشنر کلدیپ جین نے کہا کہ تعمیراتی سامان غیر محفوظ طریقے سے ٹرانسپورٹ کرنے کے بارے میں خصوصی مہم چلائی جائے گی ۔ بس مالکان کو بھی ٹریفک قوانین کی پوری طرح پابندی کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔

    
والدین کے لئے بیداری پروگرام :     ساوتھ ٹریفک پولیس اسٹیشن میں کل اتوار کے دن والدین کے لئے ایک بیداری پروگرام منعقد کیا گیا جس میں خطاب کرتے ہوئے ٹریفک ڈپارٹمنٹ کی اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس گیتا کلکرنی  نے کہ اپنے کم عمر بچوں کو گاڑی چلانے کی اجازت دینے سے قبل والدین کو دو مرتبہ سوچنا چاہیے ۔ انہوں نے کہا : " بچوں کے ہاتھ میں گاڑی دینے کے بعد جو حالات پیش آ سکتے ہیں اس کے بارے میں والدین کو سوچنا چاہیے ۔ اگر کم عمر بچہ گاڑی چلاتا ہے، اور اس کے بعد حادثہ ہوتا ہے یا چیکنگ کے دوران وہ پولیس کے ہاتھ لگتا ہے تو جس کے نام پر گاڑی رجسٹرڈ ہے اس پر کیس درج کیا جائے گا ۔ بچوں کی پرورش ایسی ہونی چاہیے کہ وہ اپنے والدین کا کہا مانیں ۔ اگر یہ ممکن نہیں ہے تو پھر قریبی پولیس اسٹیشن کو اطلاع دیجیے ۔ ہمارے افسران ایسے بچوں کو سمجھانے کا کام انجام دیں گے ۔"
    
اے سی پی نے کہا : " گزشتہ ہفتہ دو نوجوان بچوں نے حادثہ میں جان گنوائی ۔ ہم نے فوت ہوئے بچے کے والد پر کیس درج کیا ہے ۔ اب اسے اپنے بیٹے کی ہلاکت کا غم سہنے کے ساتھ ساتھ پولیس تحقیقات کا بھی سامنا کرنا ہے ۔"
    
پولیس انسپکٹر رمیش ایچ ہناپورا نے کہا :" اگر جان چلی گئی تو اسے واپس حاصل نہیں کیا جا سکتا ۔ اس لئے کسی انہونی سے پہلے اس سے بچنے کے لئے احتیاط کرنا ضروری ہے ۔"
    
پولیس کمشنر کلدیپ کمار جین نے کہا :" چار پولیس اسٹیشنوں میں والدین کے لئے کاونسیلنگ سیشنس رکھے گئے تھے ۔ اس میں تقریباً 79% والدین نے شرکت کی اور مثبت انداز میں ہماری باتیں مانی ہیں ۔ 
    
اس کے علاوہ 160 منشیات کے عادی افراد کے ساتھ بھی کاونسیلنگ پروگرام منعقد کیا گیا جس میں ڈاکٹرس، نفسیاتی کاونسیلرس اور پولیس افسران نے فرداً فرداً منشیات کے عادیوں سے بات چیت کی اور منشیات کا استعمال بند کرنے کے سلسلے میں ان کی رہنمائی کی گئی ۔ 


Share: